ویب ڈیسک: سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس فائز عیسیٰ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ملاقات کی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق لاہور میں ہونے کی وجہ سے ملاقات میں شریک نہیں ہوئے۔
سپریم کورٹ کے امور سے باخبر ذرائع کا کہنا ہےکہ جسٹس فائز عیسیٰ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی، ملاقات میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی عمارت میں منتقلی سے متعلق امور پرگفتگو کی گئی۔
ججز کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جسٹس فائز عیسیٰ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی چائے اور کافی سے تواضع کی۔
خیال رہےکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔