سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں سورج کی تیز کرنوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافے کا سامنا ہے جبکہ فضائی آلودگی بھی بدستور بڑھ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور خراب ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس 212 ریکارڈ کیا گیا ہے۔لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جہاں فضائی آلودگی کی شرح دیگر شہروں سے زیادہ ہے۔زکی فارم ہاؤس میں آلودگی کی شرح 291، جبکہ پولو گراؤنڈ میں 265 ریکارڈ کی گئی۔ڈی ایچ اے میں فضائی آلودگی کی شرح 227 ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نےہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ 21 مارچ سے میدانی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔مری، گلیات اور گردونواح میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستانکے علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بارش جبکہ عید پر موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا سندھ اور پنجاب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہنا ہے کہ رمضان کے آخری عشرے میں سندھ اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 35 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے گا جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
بارشوں کا ایک سلسلہ اگلے ہفتے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا لیکن عید الفطر پر بارشوں کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔عید الفطر پر ملک بھر میں موسم خشک اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔