ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صفائی ورکرز کے اعزاز میں تقریبات، پرتکلف کھانا اور انعامی رقوم کے چیک مل گئے

صفائی ورکرز کے اعزاز میں تقریبات، پرتکلف کھانا اور انعامی رقوم کے چیک مل گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز کا صفائی ہیروز کو خراجِ تحسین، عید الاضحی پر بے مثال اور برق رفتار صفائی کرنے والے ورکرز کو انعامی رقوم کے چیک مل گئے ۔ 

وزیراعلی مریم نواز نے عید الاضحی کے تینوں روزبہترین صفائی انتظامات پر پہلی مرتبہ ورکرز کے لئے 10،10ہزار انعام کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب کی 123تحصیلو ں میں صفائی ورکرز کے اعزاز میں شاندار اور پر تکلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جس پر صفائی ورکرزخوشی سے ناچ اٹھے، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے۔ 

پنجاب بھر میں منعقدہ تقریبات میں صفائی ورکرز کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا، صفائی ورکرز پہلی مرتبہ بے مثال پذیرائی پر خوشی سے نہال ہوگئے۔ 

صفائی ورکرز کے اعزاز میں تقریبات میں وزیراعلی کی ہدایت پر عوامی نمائندے شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ تقریبات میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ 
 تقریبات میں وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر صفائی ورکرز کے اعزاز میں پرتکلف کھانا بھی پیش کیاگیا، اس کے علاوہ کیک کاٹ کر ورکرز کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ 

وزیراعلی مریم نوازشریف نے صفائی کرنے والو ں کو عزت دے کر قابل تقلید مثال قائم کی۔ صفائی ورکرز نے اس موقع پر کہا کہ یقین نہیں آ رہا ہمارے لئے بھی ایسی تقریب ہوسکتی ہے، شکریہ وزیراعلی مریم نواز، خوشی کے ان لمحات کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ 

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ صفائی ورکرز ہمارے معاشرے کا حسن ہیں ، عیدالاضحی پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات کو ملک بھر میں سراہا گیا ، صفائی مہم کی کامیابی کا سہرا صفائی ورکرز کے سر ہے،سخت گرمی میں بھی کام جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی طرف سے صفائی ورکرز کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ صفائی ورکرز کی محنت اور لگن دوسروں کے لئے قابل تقلید ہے، عیدالاضحی پر تیز رفتار صفائی کی  ایسی مثال قائم کی گئی جسے تا دیر یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر سینٹری ورکرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریبات میں عید الاضحی، ستھرا پنجاب پروگرام سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔