راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بارشوں کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ اور پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں بارشی پانی کے بروقت نکاس کے لیے واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشینری ہر وقت دستیاب رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اربن فلڈنگ کے خدشات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے قصبوں اور رہائشی علاقوں میں بھی بارشی پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بارشی پانی کی نکاسی میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کریں اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کریں۔