ویب ڈیسک: ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2026 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اب ایک نئی لیک میں ایپل کے اس منفرد اسمارٹ فون کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
لیک کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون اس کمپنی کی تاریخ کا سب سے طاقتور بیٹری والا فون ہوگا۔
لیک کے مطابق اس فون میں 5000 سے 5500 ایم اے ایچ بیٹری دیے جانے کا امکان ہے۔
ابھی آئی فون 16 پرو میکس میں ایپل کی جانب سے سب سے بڑی 4685 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔
لیک میں فولڈ ایبل آئی فون کی ممکنہ قیمت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
درحقیقت یہ ایپل کا سب سے مہنگا آئی فون ہوگا۔
لیک میں بتایا گیا کہ چین میں اس فون کی قیمت 15000 یوآن ہوگی جو کہ 2090 ڈالرز بنتی ہے۔
دیگر ممالک میں یہ قیمت اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔
اس سے قبل جون 2025 میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ منفرد آئی فون 2026 کی دوسری ششماہی میں پیش کیا جاسکتا ہے۔
آئی فونز کی لیک کے حوالے سے معروف تجزیہ کار منگ چی کیو نے بتایا کہ فولڈ ایبل آئی فون کو آئی فون 18 سیریز کے ساتھ ستمبر 2026 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
مختلف افواہوں کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون میں کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا جبکہ وہ بک اسٹائل کا ہوگا یعنی آپ ڈسپلے کو کسی کتاب کی طرح کھول یا بند کرسکیں گے۔
کچھ رپورٹس کے مطابق پہلا فولڈ ایبل آئی فون کا ڈسپلے 7.9 سے 8.3 انچ تک بڑا ہوسکتا ہے۔
یہ فولڈ ایبل آئی فون لچکدار او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا اور ہزاروں بار کھولنے بند کرنے سے بھی اسے نقصان نہیں پہنچے گا۔
اس کے اندر نیا طاقتور پراسیسر ہوگا جبکہ کیمرا سسٹم بھی بہترین ہوگا۔
خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے کسی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلد بازی نہیں کی جاتی اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔