مال روڈ(علی رامے) سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں 10منزلہ فائیوسٹار ہوٹل کی تعمیرکا منصوبہ اعتراضات کی زد میں آگیا۔ حکومتی کمیٹی نے کینال روڈ پر10منزلہ فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر پراعتراضات اٹھا دیئے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے نئے قوانین کے مطابق کینال روڈ پر کمرشل تعمیرات پر پابندی ہے۔وفاق کی جانب سے پلان بنایا گیا تھا کہ مال روڈ پر واقع سٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی تزین و آرائش اور10منزلہ فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کیا جائے۔ منصوبے کی منظوری اور کاغذی کارروائی کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی۔
کمیٹی کی جانب سے اب کچھ اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کے مطابق وفاقی حکومت سٹیٹ گیسٹ ہاوسز میں فائیواسٹار ہوٹل تعمیر نہیں کرسکتی۔کمیٹی کی جانب سے ایل ڈی اے کے نئے قوانین کو مدنظر رکھتے منصوبے پر نظر ثانی کی ہدایات کی گئی ہیں۔کمیٹی نے موجودہ سٹیٹ گیسٹ کی عمارت کی تزئین و آرائش پر ترجیح دی ۔ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری نے سیکریٹری ہاؤسنگ کو ایل ڈی اے کے نئے قوانین پر اجلاس بلانیکا حکم دیا ہے ۔
اس سے قبل اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس ہوٹل پراجیکٹ کے تحت فائیو سٹار ہوٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس ہوٹل پر ہیلی پیڈ، کلب اور انٹرنیشنل سہولیات میسر ہوں گی، وزارت خارجہ نے ملٹی سٹوری فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کیلئے چیف سیکرٹری کو مراسلہ بھی جاری کردیا، چیف سیکرٹری کو 44 ہزار اسکوئر فٹ اراضی پر فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کیلئے تین تجاویز ارسال کی گئی ہیں۔