ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بنگلہ دیش کے کرکٹ میچوں پر پابندی، بھارتی ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کردی

بنگلہ دیش کے کرکٹ میچوں پر پابندی، بھارتی ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بھارت کے دارالحکومت دہلی  کی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز بین الاقوامی کرکٹ میچوں سے بنگلہ دیش پر پابندی لگانے کیلئے مفاد عامہ کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ ہائی کورٹ نے اسے فضول درخواست  قرار دیتے ہوئے درخواست گزار کی سخت سرزنش کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی ہائیکورٹ کےچیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ عدالت کسی بھی غیر ملک کو ہدایت جاری نہیں کر سکتی اور نہ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، سری لنکا کرکٹ بورڈ، یا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کسی بھی ملک کی شرکت کو روکنے کا حکم دے سکتی ہے ۔سماعت کے دوران فاضل جج نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی پٹیشن ہے؟ آپ چاہتے ہیں کہ عدالت خارجہ پالیسی سے متعلق فیصلے کرے۔ یہ وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ بھارتی حکومت کو بھی یہ ہدایت نہیں دی جاسکتی کہ وہ دوسرے ملک کے ساتھ اپنے تعلقات کو کیسے منظم کرے۔ہائیکورٹ کے بنچ نے درخواست گزار سے پوچھا کہ کیا دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو بنگلہ دیش میں لاگو کیا جائے گا۔ کیا ہماری رٹ وہاں جائے گی؟، کیا ہم بنگلہ دیش جا کر تحقیقات کریں؟، عدالت نے کہا کہ ایسے معاملات میں عدالتی مداخلت مکمل طور پر غیر آئینی ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے قانون کی طالبہ دیویانی سنگھ کو متنبہ کیا کہ اس طرح کی درخواستیں دائر کرنے سے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے بھی ناراضگی کا اظہار کیا جب انہوں نے اپنی دلیل کی حمایت کے لیے پاکستانی عدالت کے حکم کا حوالہ دیا۔ بنچ نے ریمارکس دیئے کہ کیا ہم پاکستانی عدالتی نظام کی پیروی کرتے ہیں؟عدالت کے سخت تبصروں کے بعد درخواست گزار کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی اجازت مانگی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے، اسلئے اسے واپس لینے پر خارج کیا جاتا ہے۔ آخر میں، عدالت نے درخواست گزار کو کچھ تعمیری کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

واضح رہے کہ درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بنگلہ دیش میں ہندو برادری کے خلاف تشدد ہو رہا ہے۔ اسلئے جب تک یہ تشدد نہیں رکتا، بنگلہ دیش کو کرکٹ کے بین الاقوامی مقابلوں سے باہر رکھا جائے۔ ساتھ ہی اگلے مہینے بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شرکت پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔