ویب ڈیسک: پاکستان کے سابق وزیراعظم اور لیجنڈری کرکٹر عمران خان کو کرکٹ سے ریٹائر ہوئے 33 سال ہو گئے اور آج بھی عمران خان کئی کرکٹ ریکارڈز کی فہرستوں میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
عمران خان کو ٹیسٹ کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ میں بطور کپتان سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے بطور کپتان 48 ٹیسٹ میچز میں 20.26 کی اوسط سے 187 وکٹیں حاصل کیں جو آج تک ایک ریکارڈ ہے، آسٹریلین پیسر پیٹ کمنز 150 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ رچی بینیو 138 وکٹیں لیکر تیسرے نمبر پر ہیں۔

عمران خان کی بطور کپتان سب سے زیادہ وکٹوں کو تو زیادہ میچز کا نتیجہ قرار دیا جا سکتا ہے لیکن ساتھ ہی عمران خان کی اوسط دیکھیں 49 کا سٹرائیک ریٹ دیکھیں جس میں اس فہرست میں موجود صرف پیٹ کمنز (44.4) عمران خان سے بہتر ہے۔
48 ٹیسٹ میچز میں عمران خان کے کیرئیر کے اختتامی مراحل کے وہ ٹیسٹ بھی شامل ہیں جہاں عمران خان نے باؤلنگ بہت کم کر دی تھی، خاص طور پر وقار یونس کی آمد کے بعد عمران خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں باؤلنگ کا زیادہ بوجھ وسیم، وقار ، عاقب اور سپنرز پر ڈال دیا تھا اور خود کم ہی باؤلنگ کرتے تھے۔
عمران خان نے ان 48 ٹیسٹ میچز میں 5 سنچریز، 14 نصف سنچریز اور 52 کی اوسط سے 2408 رنز بھی بنائے تھے اس فہرست میں موجود تمام کھلاڑیوں میں سے اس معاملے میں عمران خان سے بہتر کارکردگی صرف سر گیری سوبرز کی رہی جنہوں نے 39 میچز میں 11 سنچریز اور 58 کی اوسط سے 3528 رنز بنائے۔