ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محسن نقوی اور طلال چوہدری کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن عمل کا جائزہ

محسن نقوی اور طلال چوہدری کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن عمل کا جائزہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ اور وزیر مملکت نے امیگریشن کاؤنٹرز پر موجود عملے کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور مسافروں سے براہِ راست ملاقات کر کے امیگریشن کے عمل سے متعلق سوالات کیے۔ اس موقع پر مسافروں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چند منٹوں میں امیگریشن کا عمل مکمل ہو رہا ہے اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں۔

دورے کے دوران امیگریشن کاؤنٹر پر ایف آئی اے کے ایک اہلکار کو بہترین کارکردگی پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاباش دی اور اس کی حوصلہ افزائی کی۔ ایک مسافر نے چیکنگ میں تاخیر کے باعث بورڈنگ بند ہونے کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے فوری طور پر حکام کو کویت جانے والے مسافر کی بورڈنگ کرانے کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عزت اور مسافروں کی سہولت حکومت کے لیے سب سے زیادہ عزیز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مسافر کو بلاجواز بیرونِ ملک سفر سے نہیں روکا جائے گا، تاہم پیشہ ور بھکاریوں یا نامکمل دستاویزات رکھنے والوں کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والوں کی جگہ جیل ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

دورے کے موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور علی ضیاء بھی موجود تھے، جنہوں نے وزیر داخلہ کو امیگریشن امور پر بریفنگ دی۔