ویب ڈیسک: سعودی وزارت حج و عمرہ نے سستے اور آسان عمرہ ویزا کیلئے نئے طریقۂ کار کا اعلان کردیا۔
سعودی وزارت حجم و عمرہ نے عمرہ کے خواہشمندوں کیلئے سستے اور آسان طریقۂ کار کے تحت ’’پرسنل وزٹ ویزا‘‘ کا آغاز کردیا، اس طریقہ کے تحت تمام سعودی شہریوں کیلئے ممکن ہے کہ وہ اپنے دوستوں کو مملکت میں عمرہ کرنے کی دعوت دیں، اس کا مقصد دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں کو خدا کے مقدس گھر کی زیارت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ”پرسنل وزٹ ویزا“ کے ذریعے فراہم کردہ فوائد کی وضاحت کی ہے، یہ ویزا شہریوں کو اپنے دوستوں کو مملکت میں عمرہ کرنے کی دعوت دینے کے قابل بناتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ویزا کے فوائد کو دیکھیں تو اس میں ایک ہی وقت میں کئی مہمانوں کیلئے ایک سے زیادہ درخواستیں جمع کرانا، کئی مرتبہ یا ایک مرتبہ سعودیہ میں داخل ہونا، عمرہ کے مناسک ادا کرنے کے ساتھ، مسجد نبوی ﷺ، مذہبی مقامات اور تاریخی مقامات کا دورہ کرنا شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کے ساتھ ہی اسی ویزا پر سعودی عرب کے کسی بھی علاقے کی سیر کرنا بھی شامل ہے، ایک ہی سفر کیلئے اس ’’پرسنل وزٹ ویزا‘‘ کی معیاد 90 دن ہے، ملٹی انٹری ویزا کی معیاد 365 دن ہے اور اس میں قیام کی مدت 90 دن ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اس سے قبل ’’پرسنل وزٹ ویزا‘’حاصل کرنے کے طریقۂ کار کا اعلان کیا تھا جو زائرین کو مملکت کی سرزمین میں داخل ہونے کے قابل بناتا ہے تاکہ وہ اپنے ایسے دوستوں یا جاننے والوں سے ملاقات کرسکیں جو سعودی شہری ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ویزا کیلئے درخواست ویزا پلیٹ فارم کی ویب سائٹ پر آسان الیکٹرانک اقدامات کے ذریعے دی جائے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ سعودی عرب کے شہری اپنے دوستوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کی دعوت وزارت خارجہ میں ویزا پلیٹ فارم پر ذاتی دورے کی درخواست جمع کرا کر اور ”وزٹ“ کیلئے درخواست کے ذریعے دے سکتے ہیں۔
صارفین متحد قومی رسائی پلیٹ فارم کے ذریعے لاگ ان کریں اور ان لوگوں کا ڈیٹا فراہم کریں، جن کو مدعو کیا جانا ہے، ذاتی دورے کی درخواست کرکے اور ضروری اقدامات کی منظوری دے کر آگے بڑھیں۔اس کے بعد درخواست پر کارروائی کی جائے گی اور ذاتی وزٹ ویزا دستاویز جاری کی جائے گی، جس کا ڈیٹا ”دعوت نامہ کی درخواست“ انکوائری سروس کے ذریعے دیکھا جاسکتا ہے۔