علی ساہی: جمعہ المبارک کے موقع پر پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف سمیت اہم شاہراہوں پر پولیس پٹرولنگ بڑھائی جائے اور حساس مقامات کی سکیورٹی کا خصوصی جائزہ لیا جائے۔
عبدالکریم نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کا قیام اور شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سننے اور انہیں فوری حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نےمزید کہا کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کی دہلیز تک پہنچیں، ان کے مسائل سنیں اور ممکنہ حد تک موقع پر ان کے حل کو یقینی بنائیں