ویب ڈیسک:نادہندگان سے بجلی بلوں کی وصولی کے حکومتی دعوے ناکام ثابت ہو گئے ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے 4 لاکھ 76 ہزار سے زائد نادہندگان سے واجب الادا 480 ارب روپے کی رقم وصول نہیں کی۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی مالی سال 2024،25 کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈسکوز نادہندگان سے 480 ارب روپے کی وصولی کرنے میں ناکام رہے،نادہندگان کی تعداد چار لاکھ 76 ہزار تک جا پہنچی ہے جبکہ بجلی بلوں کی ریکوری ڈسکوز کے لیے بدستور بڑا چیلنج ہے،صرف چھ برسوں میں بجلی کے بقایاجات میں آٹھ سو اٹھائیس ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
دستاویز کے مطابق 2021،22 میں وصولیوں کی مد میں بقایا جات 1189 ارب روپے تھے جو بڑھ کر 1523 ارب روپے تک پہنچ گئے،مالی سال 2021،22 میں عدم وصولی میں 341ارب جبکہ 2022،23 میں 187 ارب اور2023،24 میں مزید 293 ارب روپے کا اضافہ ہوا یوں 2024 میں عدم وصولی کی مجموعی رقم بڑھ کر دوہزار 17 ارب روپے تک جا پہنچی ۔