ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے لیے خطرے کی گھنٹی، آج دوپہر سے دوبارہ طوفانی بارش متوقع

کراچی کے لیے خطرے کی گھنٹی، آج دوپہر سے دوبارہ طوفانی بارش متوقع
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک:شہر قائد کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی دوبارہ بج گئی ہے، محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں ایک بار پھر تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

 ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہری سیلاب (Urban Flooding) کا سنجیدہ خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ آج بھی شدت کے ساتھ فعال ہے اور سندھ بھر خصوصاً کراچی میں دوپہر سے شام اور رات کے دوران گرج چمک، آندھی اور شدید بارش کی توقع ہے۔

 گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش نے نظامِ زندگی کو درہم برہم کر دیا تھا اور آج بھی حالات مختلف نہیں لگتے، ماہرین کا کہنا ہے کہ بادل دوبارہ قہر برسائیں گے۔

 درجہ حرارت کی بات کریں تو آج کم از کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے لیکن حبس اور نمی کی شدت عوام کو شدید بے چینی میں مبتلا کر رہی ہے۔

رات گئے سے اس سسٹم کی شدت میں جزوی کمی کا امکان ضرور ہے تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ یہ بارشوں کا سلسلہ جمعے تک جاری رہ سکتا ہے۔

 محکمہ تعلیم کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے مزید بارشوں کے پیش نظر سندھ بھر میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

 علاوہ ازیں اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا،بلوچستان اور کشمیر میں  بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 راولپنڈی، مری، لاہور، وزیر آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی، لکی مروت اور دیگر شہروں میں بھی بادل برسیں گے۔

 جنوبی بلوچستان کے ندی نالوں میں بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا۔