ویب ڈیسک: ڈانس پارٹی کے بعد تیزگام آپریٹر نے ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی بھی روک دی۔
تفصیلات کے مطابق تیز گام ٹرین کے نجی آپریٹر کی من مانیاں عروج پر ہیں، آپریٹر نے ڈانس پارٹی کے بعد محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کی ادائیگی بھی روک دی۔تیز گام کی ڈائننگ کار میں رقص کی محفل کے واقعے کے بعد کرائے کی مد میں ایڈوانس پیسے جمع نہیں کرائے گئے، ذرائع کا کہناہے کہ نجی آپریٹر ایڈوانس بکنگ کی مد میں کروڑوں روپے مسافروں سے وصول کر چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق نجی آپریٹر مسافروں سے کروڑوں روپے وصول کر کے محکمہ ریلوے کو جمع نہیں کرا رہا، رقم جمع نہ کرانے سے محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے نقصان ہوگا۔
یاد رہے کہ ٹرین میں رقص کی محفل سجانے پر ٹرین کے نجی آپریٹر این سی ایس کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جا چکا ہے، محکمہ ریلوے نے کراچی، سکھر، لاہور اور ملتان کے ڈی سی اوز کو تیز گام کا نتظام سنبھالنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی آپریٹر نے معاہدے کے مطابق کرائے کی رقم کی پیشگی ادائیگی روک دی ہے، معاہدے کی شق کی خلاف ورزی پر محکمہ ریلوے نے راولپنڈی اور کراچی سے چلنے والی تیز گام میں پلیٹ فارم اور ٹرین میں ٹکٹ جاری اور چیک کرنے کا انتظام سنبھال لیا ہے۔
محکمہ ریلوے نے ہفتے سے ٹرین کے ٹکٹ جاری کرنے کا نظام واپس لیا، جب کہ آج اتوار کو راولپنڈی اور کراچی سے چلنے والی ٹرین میں محکمہ ریلوے کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔