طلحہ باجوہ: وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت امن اور اتحاد کی ضرورت ہے، لانگ مارچ کی کوشش کرنے والوں کو پیار سے سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن اگر کوئی نہیں سمجھے گا تو اسے سمجھا دیا جائے گا۔
چک نمبر 30 ج ب امین پور بنگلہ میں رورل ہیلتھ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مہنگائی نے ہر شخص کی زندگی مشکل بنادی ہے، جس کی بڑی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، آبنائے ہرمز اور باب المندب بند ہونے سے تیل مہنگا ہوا ہے۔ پوری دنیا مہنگائی سے پریشان ہے، تاہم ایسے حالات میں ہنگامے اور لانگ مارچ شروع نہیں کیے گئے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارے اندر ایسے عناصر موجود ہیں جو لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ایسی کوشش کرنے والوں کو پیار سے سمجھانے کی کوشش کی گئی، لیکن اگر کوئی نہیں سمجھے گا تو اسے سمجھا دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اتحاد قائم رکھنا چاہیے اور کسی بھی شیطانی حربے کا استعمال کرنے والوں کو رد کرنا چاہیے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پوری دنیا میں ایران اور امریکا کی جنگ رکوانے کی کوششیں کی گئیں، جس میں پاکستان نے سب سے زیادہ کوشش کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے بھی اس حوالے سے بھرپور کوشش کی ، آج پوری دنیا پاکستان کو اس نظر سے دیکھتی ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی حفاظت کرنا بھی جانتا ہے۔ ہم خادمین حرمین شریفین تو تھے، اب ہمیں محافظ حرمین شریفین کا درجہ ملا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے عسکری طور پر اپنا لوہا منوایا ہے اور اب معیشت بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
تقریب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ رورل ہیلتھ سنٹر کی عمارت 5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے ان کے مطابق پہلی بار عام لوگوں کو 4،4 ایکڑ زمین کاشتکاری کے لیے دی گئی جبکہ اپنا گھر اپنی چھت اور ہمت کارڈ جیسے منصوبوں سے بھی بہت سے لوگ مستفید ہوئے ہیں۔
سرکاری اسکولوں کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لوگ سرکاری اسکولوں کی پڑھائی سے مطمئن نہیں، اسی لیے سرکاری اسکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے پر غور کیا گیا ہے۔