(جمالدین جمالی)بینک لاکر میں رکھے طلائی زیورات سے بے خبر ہونے کا انجام،شہری کے بینک لاکر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات غائب ہو گئے، بینک لاکر سے 80 تولہ طلائی زیورات جعلی شناختی کارڈ پر کسی دوسرے نے نکال لئے۔ملزم کی درخواست ضمانت پر بینک جرائم کورٹ میں سماعت ہوئی۔
شہری کے بینک لاکر سے 80 تولہ طلائی زیورات جعلی شناختی کارڈ پر کسی دوسرے نے نکال لئے، شہری نعمان خان نے 80 تولے طلائی زیورات الائیڈ بینک ٹمبر مارکیٹ برانچ کے لاکر میں رکھوائے اور پھر ملک سے باہر چلا گیا، کچھ عرصہ بعد بینک نے زیورات کسی نوسرباز کے حوالے کر دیئے۔ واپس آیا تو لاکر سے سونا غائب ہو چکا تھا۔
بینک جرائم کورٹ کے جج اسلم گوندل نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزم ملک غفور کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزم ملک غفور نے نعمان خان بن کر زیورات لاکر سے نکلوالئے۔
مدعی کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے واجبات ادا نہ ہوئے تو بینک نے لاکر ٹوڑ دیا۔ مدعی نے موقف اختیار کیا کہ بینک نے لاکر کو ایس او پیز خلاف توڑا۔ بینک برانچ مینجر ملزم ثاقب محفوظ کی ہائیکورٹ سے ضمانت ہوچکی ہے۔
مدعی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم ملک غفور کوجعلی شناختی کارڈ پرسونا حوالے کرنا بینک کی غفلت ہے۔عدالت نے ملزم ملک غفور کے دستخط کی فرانزک رپورٹ طلب کر لی اور مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی۔