محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

در نایاب : وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز  کی ملاقات ہوئی، محسن نقوی نے 6ویں مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے پر آسٹریلوی ہائی کمشنر اور عوام کو مبارکباد  کی۔ 
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ،ٹیکنالوجی اور دیگر شعبو ں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور مارک ٹیلر کے دستخط والی کرکٹ بال پیش کی۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ محسن نقوی مستعد اور متحرک وزیر اعلیٰ ہیں، میڈیا پر دن رات کام کرتے نظر آتے ہیں۔  محسن نقوی کو پارکس کا وزٹ کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی،وزیر اعلیٰ محسن نقوی بہت محنت کررہے ہیں۔ لاہور چڑیاگھر، سفاری پارک اور باغات کی اپ گریڈیشن خوش آئند ہے۔ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ 
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے لاہور چڑیا گھر کے لئے کنگروز دینے کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کے لئے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں، شہریوں کے لئے ماسک لازم قراردیا گیاہے۔ دوست ملکوں کے تعاون سے سموگ سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی حاصل کررہے ہیں۔ بہتر ماحول اور تفریح کے لئے پارکس کوعالمی معیار کے مطابق بنا رہے ہیں۔  زراعت،لائیوسٹاک،ڈیری ڈویلپمنٹ او رٹیکنالوجی میں آسٹریلیا کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ 
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری عملدرآمد وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔