سٹی 42: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر صدارت اہم اجلاس میں کوئٹہ بلدیاتی انتخابات سمیت مختلف انتخابی امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جون 2026 کے دوسرے ہفتے میں جاری ہونے کا امکان ہے جبکہ الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کے درمیان مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی جس میں ممبران الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی بلوچستان سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخاب سے متعلق صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ حکومت بلوچستان کی درخواست پر امن و امان کے باعث پہلے انتخابی شیڈول معطل کیا گیا تھا۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان نے حلقے میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے دہشتگردی، قبائلی تنازعات اور جغرافیائی مشکلات کے باعث فوری انتخابات کو مشکل قرار دیا۔
اجلاس میں کوئٹہ بلدیاتی انتخابات پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں حلقہ بندی مکمل ہونے کی تصدیق کی گئی۔