ثمرہ فاطمہ:شدید گرمی کے باعث سورج سوا نیزے پر آ گیا، شہر میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 19 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گرمی کی شدت کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات میں موسم میں بہتری کے امکانات موجود ہیں، جبکہ شہر میں 23 مئی تک بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد میں شام اور رات کے اوقات میں بارش متوقع ہے جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں دن کے اوقات کے دوران شدید گرمی متوقع ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ چند علاقوں میں ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، دادو میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔