ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ جنرل اجلاس 17 سے 20 جولائی 2025 کے دوران سنگاپور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں کرکٹ کی عالمی قیادت شریک ہوگی جس میں آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ محسن نقوی بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کی شرکت کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے خاص طور پر حالیہ دنوں ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد پاکستان کی سخت سفارتی و سیاسی پوزیشن کے تناظر میں۔
اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا کہ بھارت ایشیا کپ 2025 سے دستبردار ہو رہا ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ان اطلاعات کی واضح تردید کی۔
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی حکام کو خدشہ ہے کہ پاک-بھارت کشیدگی اجلاس کے ایجنڈے پر غالب آ سکتی ہے جس سے دیگر اہم معاملات پسِ پردہ چلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ یہ اجلاس جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے کے بعد ان کی پہلی سالانہ کانفرنس ہوگی اس لیے اجلاس کو کرکٹ دنیا میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔