( عمر اسلم ) مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اور مرکزی رہنماؤں کی خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے گھر آمد، مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میری طرح خواجہ برادران کیخلاف بھی بدنیتی پر مبنی کیسز بنائے گئے۔
لیگی رہنماؤں چوہدری برجیس طاہر، توفیق احمد بٹ، حنیف عباسی، آصف کرمانی، رانا ثناء اللہ، میاں جاوید لطیف، میاں مجتبی شجاع الرحمن، میاں مرغوب، رانا مشہود، نصیر احمد بھٹہ، رانا ارشد، ماجد ظہور، توصیف شاہ، عمران گورائیہ، میاں طارق، چوہدری باقر، میاں فقیر حسین، چوہدری نعیم، تہمینہ دولتانہ سمیت دیگر رہنماؤں اور ورکرز نے ڈی ایچ اے میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔
صدر پنجاب رانا ثناءاللہ اور میاں مجتبی شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کا آنے والا کل محفوظ ہے۔ نیب سپریم کورٹ بنچ کے سامنے بھی خواجہ برادران کیخلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مشکل وقت تھا، ثابت قدم رہے۔ عمران خان کے دن گنے جاچکے۔ فی الحال ہمیں سیاست چھوڑ کر کورونا وائرس کیخلاف لڑنا ہے۔
رانا مشہود، میاں جاوید سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ خواجہ برادران نے اپنے خاندان اور پارٹی کے نام کی لاج رکھی۔ ن لیگ نے کبھی سودے بازی نہیں کی اور ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی۔
واضح رہے پیراگون سکینڈل میں نیب کے زیر حراست سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو گزشتہ روز کیمپ جیل سے رہا گیا تھا۔ پندرہ مہینے سے زائد کے بعد رہا ہونے پر خواجہ سعد رفیق نے اپنی رہائشگاہ ڈیفنس میں پریس کانفرنس بھی کی تھی۔