ملک اشرف:مبینہ مغوی کی عدم بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے کیس 22 جون کو مقرر کر دیا ہے۔
عدالت نے کیس میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کو طلب کر رکھا ہے، جبکہ مبینہ مغوی کی بازیابی کے لیے پولیس کو 22 جون تک مہلت دی گئی ہے۔
درخواست کی سماعت جسٹس سید شہباز علی رضوی کریں گے۔ درخواست گزار بلقیس بی بی نے اپنے شوہر عمران کی مبینہ گمشدگی اور عدم بازیابی کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران کو لاپتہ ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے، تاہم تاحال ان کی بازیابی ممکن نہیں ہو سکی۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر پولیس حکام کو مغوی کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کی تھی۔
کیس کی آئندہ سماعت 22 جون کو ہوگی، جس دوران عدالت پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی اور مغوی کی بازیابی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لے گی۔