مریم مظہر: باغوں کے شہر میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور سورج کی تیز کرنوں کے باعث موسم مزید گرم ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کے 20 فیصد امکانات موجود ہیں، تاہم گرمی اور حبس میں فوری کمی کے امکانات کم ہیں۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں ہوائیں صرف 2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جس کے باعث حبس اور گھٹن کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوا کی کم رفتار اور نمی کی بلند شرح موسم کو مزید غیر آرام دہ بنا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب شہری بارش کی پیش گوئی کے باعث موسم میں بہتری کے منتظر ہیں، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے امکانات محدود ہیں اور گرمی کا سلسلہ فی الحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بات کریں ملکی موسمی صورتحال کی تو محکمہ موسمیات نے ملک کےمختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے،راولپنڈی،مری،گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اورگوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے،لاہور، شیخوپورہ،سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کےاضلاع دیر،چترال،سوات،کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے،مانسہرہ،ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی اور مردان میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بلوچستان کےمختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کےبیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہےگا،تاہم بالائی سندھ کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پرابر آلود رہ سکتا ہے،کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے