سٹی 42: تائیوان میں دس برس تک ایک ہی تھرماس استعمال کرنے والا شخص جان کی بازی ہار گیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تھرماس میں موجود بھاری دھاتوں کی وجہ سے وہ ہیوی میٹل پوائزننگ کا شکار ہوگیا تھا۔
، مذکورہ شخص نے اس تھرماس کا استعمال روزانہ کیا، حالانکہ اس میں زنگ آنا شروع ہو چکا تھا۔ اس نے نہ تو تھرماس کی صفائی کی اور نہ ہی اسے تبدیل کیا۔ 10 سال تک مسلسل اس تھرماس کو استعمال کرنے کے بعد، اس شخص نے جسم میں غیر معمولی بیماریاں محسوس کیں۔ جب وہ اسپتال گیا، تو ڈاکٹروں نے تشخیص کی کہ اس کا ہیموگلوبن لیول انتہائی کم ہے اور اس کے گردے بھی کام نہیں کر رہے تھے۔ بعد میں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی صحت کی خرابی کا سبب بھاری دھاتوں کا جسم میں جمع ہونا تھا۔
ایک سال بعد، اس شخص کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ نمونیا کے باعث انتقال کر گیا۔ ماہرین نے اس حادثے سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں تک ایک ہی دھاتی پانی کی بوتل یا تھرماس کا استعمال کرنا صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب اس میں تیزابیت والے مشروبات ڈالے جائیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دھاتی کنٹینرز میں موجود کیمیائی مادے، جیسے کہ لیڈ، تیزابیت والے مشروبات کے ساتھ مل کر زہریلے اثرات پیدا کر سکتے ہیں، جو جگر، گردے، اعصابی نظام اور مدافعتی نظام پر شدید اثرات ڈالتے ہیں۔
اس واقعے سے سبق لیتے ہوئے، ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دھاتی کنٹینرز کا استعمال محتاط طریقے سے کریں اور انہیں طویل عرصے تک استعمال کرنے سے گریز کریں تاکہ صحت کے سنگین مسائل سے بچا جا سکے۔