ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق کیس میں درخت کاٹنےوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کر دیا ، جسٹس شاہدکریم نے کہا کہ خلاف ورزی کرنیوالوں پرمقدمہ درج اورتوہین عدالت کارروائی ہوگی۔
جسٹس شاہد کریم نے محکمہ ماحولیات کی نئی فورس کی غیر فعالیت پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کارروائی نہ کرنے پر رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے واضح کیا کہ کینال روڈ پر ییلو لائن ٹرین منصوبہ بنایا گیا تو نہر پر درخت کاٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ "کینال ہیریج ایکٹ کسی قسم کے درخت کاٹنے سے روکتا ہے۔"
سماعت کے دوران ماحولیاتی کمیشن کی خاتون ممبر نے ٹریفک وارڈنز کو رسک الاؤنس نہ دیے جانے پر بھی رپورٹ پیش کی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ حکومت کی صوابدید ہے۔
جسٹس شاہدکریم نےسموگ تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے ماحولیاتی فورس، کینال ویو ہاؤسنگ اور واسا سمیت مختلف اداروں سے پیشرفت رپورٹس طلب کر لی۔
ممبر ماحولیاتی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت وارڈنز کو رسک الاؤنس نہیں دینا چاہتی ،وارڈنز کو رسک الاؤنس دینے پر 3 ارب سالانہ خزانہ پر بوجھ ہوگا،مارکیٹس ایسوسی ایشن کو تمام جنریٹرز پر کتھلیٹک کنورٹر لگانے کا کہا ہے، پنجاب حکومت کینال روڈ پرییلو ٹرین چلانے کا منصوبہ رکھتی ہے،ییلو ٹرین منصوبہ کے دوران کئی درخت کٹیں گے۔
عدالت نے لاء افسر کو ہدایت کی کہ آپ کینال روڈمنصوبہ کے بارے میں آئندہ سماعت پررپورٹ دیں۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ "دھواں دیتی گاڑیاں سڑکوں پر چل رہی ہیں لیکن ماحولیات کی نئی فورس نظر نہیں آ رہی۔" عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ فورس کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے گندہ پانی چھوڑنے والی فیکٹریوں کو کم از کم ہر 6 ماہ بعد محکمہ ماحولیات کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار خاتون نے ٹولٹن مارکیٹ سے جانوروں کی منتقلی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں، جبکہ واسا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 10 ہزار واٹر میٹرز کی خریداری شروع ہو چکی ہے اور مزید 2 لاکھ میٹرز سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے گئے ہیں۔
ماحولیاتی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق کینال ویو ہاؤسنگ سوسائٹی نے سولر پینلز کی تنصیب کے لیے درخت کاٹے تھے، جس پر ایکشن لیا گیا اور سوسائٹی میں مزید درخت لگا دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تمام متعلقہ فریقین سے رپورٹس طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی۔