ویب ڈیسک: گوگل دنیا کا مقبول ترین انٹرنیٹ سرچ انجن ہے جس پر ہر سیکنڈ 99 ہزار سے زیادہ جبکہ دن بھر میں 9 ارب کے قریب سرچز کی جاتی ہیں۔
مگر فیفا ورلڈکپ 2026 کے ایک میچ کے دوران گوگل کی تاریخ کے تمام انٹرنیٹ سرچیز کے ریکارڈز ٹوٹ گئے۔
جی ہاں واقعی ورلڈ کپ کے ایک میچ کی بدولت گوگل سرچنگ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
یہ انکشاف کمپنی کی جانب سے گزشتہ دنوں کیا گیا تھا۔
درحقیقت ارجنٹینا اور مصر کے درمیان راؤنڈ آف 16 کا میچ گوگل سرچ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹریفک والا دن ثابت ہوا۔
گوگل نالج اینڈ انفارمیشن شعبے کے سربراہ نک فوک کے مطابق 7 جولائی (پاکستانی وقت کے مطابق 8 جولائی) کو ہونے والے میچ کے دوران ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول کے بعد گزشتہ 28 سال کے دوران سب سے زیادہ ٹریفک ریکارڈ کیا گیا۔
کمپنی کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے اعداد و شمار تو شیئر نہیں کیے مگر اس کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن گول کے بعد فی سیکنڈ ریکارڈ سرچز ہوئیں۔
اس موقع پر لگ رہا تھا کہ پوری دنیا انٹرنیٹ پر ایک ہی چیز کو سرچ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ فٹبال ورلڈکپ کا اختتام اسپین کی فتح پر ہوا جس نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو فائنل میں ایک صفر سے شکست دی۔
اس طرح اسپین کی ٹیم 16 برس بعد دوسری بار چیمپئن بن گئی۔