علی ساہی: دھند کے باعث ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے ٹریفک پولیس پنجاب مکمل طور پر متحرک ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ تمام سپروائزری اسٹاف فیلڈ میں موجود رہا تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ 7 لاکھ 18 ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے صوبہ بھر میں بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
محفوظ سفر کے فروغ کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے 8 لاکھ سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔