علی رامے: حکومت نے اسکولز آف ایمیننس قائم کرنے کے منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ منصوبہ سکولوں کے موجودہ انفراسٹرکچر کو استعمال کرتے ہوئے پسماندہ اور دیہی علاقوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے شروع کیا جانا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس اسکیم کی مجموعی لاگت 5 ارب روپے مقرر کی گئی تھی اور منصوبے کی مدت یکم جنوری 2026 سے جون 2026 تک طے کی گئی تھی۔ تاہم مالی سال 2025-26 میں اس اسکیم کے لیے کوئی فنڈز جاری نہیں کیے گئے اور دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبے میں مالی پیش رفت صفر رہی۔
مڈ ایئر ریویو اجلاس میں سینئر وزیر نے اسکیم ختم کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ (پی اینڈ ڈی) نے منصوبے کے لیے مختص فنڈز واپس لے لیے اور انہیں دیگر ترقیاتی اسکیموں میں منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسکیم ختم ہونے کے بعد دستیاب وسائل کو زیادہ مؤثر ترقیاتی منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا تاکہ تعلیم کے شعبے میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔