جنید ریاض:حکومت نے پرائیویٹ سکولوں پر کمرشلائزیشن فیس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کی زمین اور بلڈنگ کے استعمال سے متعلق قواعد و ضوابط کو مؤثر بنانا ہے۔
سپیشل سیکریٹری سکولز محمد اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں اس فیس کے نفاذ کے معاملات زیر غور آئے، اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر فرحان بھی شریک ہوئے جبکہ پرائیویٹ سکولوں کی نمائندگی میں میاں عمران مسعود کے علاوہ قاضی نعیم انجم، کاشف ادیب اور علی رضا شامل تھے۔
پرائیویٹ سکولوں نے حکومت کی جانب سے کمرشلائزیشن فیس کی مخالفت کی اور کہا کہ اس فیس کا بوجھ والدین کی جیب پر پڑے گا، کیونکہ ہر سال بلڈنگ کا کرایہ 10 فیصد بڑھتا ہے مگر فیس میں صرف 5 فیصد اضافے کی اجازت ہے۔ علی رضا نے واضح کیا کہ والدین پر اضافی مالی دباؤ پڑنے کا امکان ہے۔
ریکٹر یونیک گروپ نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ پرائیویٹ سکولوں کو پالیسیوں میں ریلیف دے تاکہ تعلیمی معیار متاثر نہ ہو۔ اجلاس میں سپیشل سیکریٹری نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت پرائیویٹ سکولوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرے گی اور کمرشلائزیشن فیس کے نفاذ پر سلیب بنانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔
مزید برآں، وزیر اعلیٰ کی منظوری سے جلد تعلیمی کلینڈر بھی جاری کر دیا جائے گا تاکہ تعلیمی سال کے انتظامات بروقت مکمل ہو سکیں۔