ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خسرہ سے ہونے والی ہلاکتوں کا کیس ، سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب وینٹی لیٹرز کی تفصیلات طلب

 خسرہ سے ہونے والی ہلاکتوں کا کیس ، سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب وینٹی لیٹرز کی تفصیلات طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں خسرہ سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب وینٹی لیٹرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

کیس کی سماعت جسٹس ملک محمد اویس خالد نے کی۔ دورانِ سماعت ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے موذی امراض سے متعلق ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ بتایا جائے صوبے کے ہسپتالوں میں مجموعی طور پر کتنے وینٹی لیٹرز موجود ہیں اور ان میں سے کتنے فعال حالت میں ہیں۔ عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ مکمل اور تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں خسرہ اور ڈینگی جیسے امراض کے باعث سینکڑوں اموات ہوئیں۔ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور بنیادی طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث بے تحاشا جانیں ضائع ہوئیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ خسرہ سے ہونے والی حالیہ اموات کی باقاعدہ تحقیقات کا حکم دیا جائے اور ذمہ داران کے تعین کے لیے شفاف انکوائری کرائی جائے۔

عدالت نے مزید سماعت 27 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔