بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ کنشکا سونی نے خود سے ہی شادی رچا لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈراموں ’پوترا رشتہ‘ اور ’دیا اور باتی ہم‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ کنشکا سونی نے سوشل میڈیا پر خود سے اپنی شادی سے متعلق بتایا جسے جان کر ان کے مداح حیران رہ گئے۔ کنشکا سونی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں منگل سوترا (ہندو روایات کے مطابق شادی کے وقت پہنایا جانے والا ہار) اور سندور کے ساتھ دیکھا۔
اداکارہ نے تصویر کے ساتھ درج کیپشن میں لکھا کہ میری زندگی کے تمام خواب پورے ہو گئے ہیں اور میں نے اس شخص نے شادی کر لی ہے جسے میں سب سے زیادہ پسند کرتی ہوں یعنی میں خود، یہ تمام سوالوں کا جواب ہے کہ اب مجھے کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے.بھارتی اداکارہ کنشکا سونی نے لکھا کہ میں اکیلی بہت خوش ہوں اور میرے ساتھ میرا گٹار بھی ہے۔
بعد ازاں اداکارہ نے ایک طویل ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے خود سے شادی کرنے کی تفصیلی وضاحت کی اور بتایا کہ کچھ لوگ سمجھ رہے ہوں کہ میں نے شراب پی کر یا گانجا استعمال کر کے یہ ویڈیو بنائی ہے لیکن میں بتانا چاہتی ہوں کہ میں مکمل طور پر ایک بھارتی ہندو لڑکی ہوں اور طویل عرصے سے شوبز انڈسٹری سے جڑے رہنے کے بعد کبھی الکوحل پی اور نا ہی کوئی اور نشہ کیا، خود سے شادی کا فیصلہ میں نے دل و دماغ سے کیا۔