ملک اشرف: پنجاب حکومت کی قانونی ٹیم کے اہم رکن اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملک عمر طاہر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ملک عمر طاہر نے اپنا استعفیٰ سیکرٹری قانون پنجاب کو بھجوا دیا ہے، جس میں عہدے سے الگ ہونے کی وجہ ذاتی وجوہات بیان کی گئی ہیں ۔ ملک عمر طاہر پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں متعدد اہم مقدمات میں پیش ہوتے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اُنہوں نے بالخصوص پاکستان تحریک انصاف سے متعلق مقدمات میں حکومتی مؤقف عدالت کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی سے متعلق مقدمات میں حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے لاء افسران کی ٹیم کی سربراہی بھی کرتے رہے۔
عدالتی معاملات سے واقفیت اور مختلف اہم مقدمات میں حکومت کی نمائندگی کے باعث ملک عمر طاہر پنجاب حکومت کی قانونی ٹیم میں نمایاں حیثیت رکھتے تھے تاہم استعفے کے بعد پنجاب حکومت کی قانونی ٹیم میں ان کی ذمہ داریوں سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل زیر غور آئے گا، جبکہ ان کی جگہ اہم مقدمات کی ذمہ داریاں کس لاء افسر کو سونپی جائیں گی اور قانونی ٹیم میں کیا تبدیلیاں ہوں گی، اس پر بھی غور کیا جائے گا۔
ملک عمر طاہر کا استعفیٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پنجاب حکومت سے متعلق متعدد اہم مقدمات لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں ذرائع کے مطابق استعفے کی بنیادی وجہ ذاتی معاملات بتائی جا رہی ہے، تاہم اس کے پس منظر میں بعض دیگر امور بھی قانونی حلقوں میں زیر بحث ہیں، تاہم ان امور کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔