ویب ڈیسک:پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے بی ڈی ایس کے پانچ سالہ پروگرام کے نفاذ کو مؤخر کرتے ہوئے اس حوالے سے جاری کیا گیا سابقہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل نے 8 جولائی کو پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام سے متعلق فیصلہ کیا تھا، تاہم اب اس کے نفاذ کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
کونسل نے بی ڈی ایس پروگرام کے موجودہ تعلیمی ڈھانچے اور نصاب کا جامع جائزہ شروع کر دیا ہے۔ اس عمل کے دوران پروگرام کے ہاؤس جاب اور انٹرن شپ سے متعلق فریم ورک کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق پانچ سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ جامع جائزہ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی فریم ورک اور پروگرام سے متعلق مزید تفصیلات جائزے کا عمل مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
اس حوالے سے پی ایم ڈی سی نے ملک بھر کی تسلیم شدہ میڈیکل اور ڈینٹل جامعات کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔