(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر میں سواڑی بازار میں منگنی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے 70 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔
رپورٹس کے مطابق سواڑی بازار شہر میں ایک شہری ولی اللہ کی بیٹی کی منگنی کا کھانا مہمانوں کو بہت بھاری پڑ گیا، چغرزئی پگڑیال سے آئے مہمانوں کی بڑی تعداد کھانا کھانے کے بعد بیمار پڑ گئی۔
متاثرہ افراد میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی شامل ہے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فرخ سیار نے بتایا کہ 20 افراد کو فوری علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تاہم باقی 50 افراد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے بھی ہسپتال جا کر متاثرین کی عیادت اور ہسپتال انتظامیہ کو متاثرین کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔