ویب ڈیسک:شمال مشرقی آسٹریلیا میں اس وقت حیران کن صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک مگرمچھ اچانک فائیو سٹار ہوٹل کے سوئمنگ پول میں آن پہنچا۔
تاہم دلچسپ بات یہ رہی کہ مہمانوں کو جیسے خبر ہی نہ ہو، وہ پرسکون انداز میں پول کے کنارے دھوپ سینکتے رہے۔
یہ واقعہ شیریٹن گرینڈ میرَاج ریزورٹ، پورٹ ڈگلس میں پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں ایک کم عمر مگرمچھ کو پول کے اندر پانی کی تہہ میں آرام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
A baby crocodile has been snapped chilling out at the bottom of a pool at a luxury resort in Far North Queensland.
— 10 News Queensland (@10NewsQLD) October 19, 2025
The video posted to TikTok shows the unexpected visitor making itself at home in the lagoon-style pool at the Sheraton Mirage in Port Douglas on Saturday afternoon.… pic.twitter.com/Pn3EpzcYgr
ٹک ٹاک صارف لیزا کیلر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کو خوفزدہ نہیں کرنا چاہتی، لیکن شیریٹن کے پول میں ایک مگرمچھ ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پول کے کنارے کئی سیاح آرام دہ کرسیوں پر بیٹھے سورج سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، لیکن کوئی بھی پانی میں داخل نہیں ہو رہا۔
کیلر نے حیرت سے کہا کہ کسی ایک شخص کو بھی پرواہ نہیں،ہوٹل کے منیجر جوزف امیرو کے مطابق، مگرمچھ کو ہفتے کی صبح دیکھا گیا، جس کے بعد پول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مہمان اور مگرمچھ کبھی بھی ایک ہی وقت میں پول میں موجود نہیں تھے۔
بعدازاں، کوئنزلینڈ وائلڈ لائف افسران نے مگرمچھ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، اور علاقے میں احتیاطی انتباہی بورڈز بھی نصب کر دیے گئے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شمالی علاقوں میں اندازاً ایک لاکھ سے زائد نمکین اور میٹھے پانی کے مگرمچھ موجود ہیں، اور اکثر اوقات یہ آبادی کے قریب علاقوں میں بھی آ نکلتے ہیں، جس پر مقامی حکام کی جانب سے مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔