وقار گھمن:چنیوٹ کے علاقے چک 131 لونے والا میں واقع گورنمنٹ پرائمری سکول میں مبینہ طور پر بجلی کا بل بچانے کے لیے پنکھے بند کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد طلبہ شدید گرمی میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق سکول میں تعینات عملے کی جانب سے کہا گیا کہ بجلی کا بل زیادہ آنے کے باعث پنکھے بند کیے گئے، جس کے نتیجے میں کلاس رومز میں بچوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ انہیں سخت گرمی میں بغیر پنکھوں کے بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور کیا جاتا ہے، جس سے ان کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سکول آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے، اور اس حوالے سے سکول مالک کے خلاف کارروائی کے لیے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو خط لکھا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔