(راﺅ دلشاد) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر کے بجائے پیچ ورک کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ایک ارب سے زائد کی ترقیاتی سکیمیں ایک مرتبہ پھر نظر انداز کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق نشتر زون اورعزیز بھٹی زون میں مین ہولزکی مرمت پر 30 لاکھ، سرکلر روڈ تا دو موریہ پل 20 لاکھ، گورا قبرستان جیل روڈ کی چار دیواری 20لاکھ، احمد ہاﺅسنگ سوسائٹی میں ڈی سلٹنگ 20 لاکھ، تاجپورہ روڈ کی بحالی کی 20 لاکھ کی سکیم، گرین ٹاؤن، غازی چوک میں روڈ کٹ کیلئے 15 لاکھ جبکہ مکھن پورہ قبرستان کی چار دیواری کیلئے 32 لاکھ کی سکیم زیر التوا ہے۔
اسی طرح اسلامپورہ، ٹاﺅن شپ، سٹیشن، لنڈا بازار، الفیصل ٹاﺅن، ہنجروال، لبرٹی، غالب روڈ، فیروزپور روڈ، رائیونڈ، چوہان روڈ ودیگر علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر کی 7 کروڑ کی سکیمیں زیرالتوا ہیں جبکہ کارپوریشن نے شہر بھر میں پیچ ورک کا شیڈول جاری کردیا، 18 مئی کو مسجد وزیر خان سے کشمیری بازار، سرکلر روڑ اردو بازار سمیت 28 سڑکوں پر پیچ ورک کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 20 مئی کو بازار حکیماں والا سے بھاٹی چوک تک، 21 مئی کو اندرون شہر پانی والا تالاب سے ترنم سینما چوک تک، 21 مئی کو سمن آبادزون، گلبرگ زون، عزیز بھٹی زون، واہگہ زون، علامہ اقبال زون اور نشترزون کی سڑکوں پر 22 مئی کو شالا مار زون، راوی زون اور داتا گنج بخش زون کی سڑکوں پر پیچ ورک ہوگا۔