رائو دلشاد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین و بچوں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کرنے جبکہ ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں چاند رات کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جس کے تحت بس سٹینڈز، تجارتی مراکز اور بازاروں میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے خواتین اور بچوں کو ہراسانی سے بچانے کیلئے ویمن پولیس اسکواڈ کے گشت کو یقینی بنانے اور حساس مقامات پر ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربین کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے سڑکوں پر کڑی نگرانی، جبکہ اے ٹی ایمز اور بینکوں کے اطراف سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ حکام کو بس اڈوں اور ویگن سٹینڈز کی مسلسل مانیٹرنگ اور کرایہ نامے نمایاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ اقدامات عیدالفطر سے قبل بڑھتی ہوئی عوامی سرگرمیوں کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے، جبکہ حالیہ سکیورٹی پلان کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔