فاران یامین، افشاں رضوان: لاہورمیں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں اور ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جس سے فضا میں خنکی بڑھ گئی اور درجہ حرارت میں کمی آئی۔
مزنگ، جین مندر، فیروز پور روڈ، جنازہ گاہ، مال روڈ اور ملتان روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر میں 20 سے 40 فیصد بارش کے امکانات موجود ہیں، جبکہ بادلوں اور ہلکی بارش کا سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے دوران موسم خشک اور خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 14 سے 15 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
شہر میں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 68 سے 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی بہتری آئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس 78 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 10ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش متوقع ہے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جس سے موسم مزید خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔