ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محرم الحرام سکیورٹی کیلئے پہلی بار پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا جدید ڈیجیٹل سرویلنس ماڈل متعارف

محرم الحرام سکیورٹی کیلئے پہلی بار پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا جدید ڈیجیٹل سرویلنس ماڈل متعارف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے   پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پہلی بار جدید ڈیجیٹل سرویلنس ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔

 اس نظام کے تحت پنجاب بھر کے 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

حکام کے مطابق صوبے بھر میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی سسٹمز کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ پنجاب ایمرجنسی آئی پورٹل میں جدید "محرم پروسیشن مانیٹرنگ" فیچر بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے فلیش پوائنٹس، حساس مقامات اور نماز کے اوقات سے متعلق اہم الرٹس فوری موصول ہوں گے۔

نئے نظام کے تحت محرم جلوسوں کے روٹس، جلوس کے آغاز (ہیڈ) اور اختتام (ٹیل) کی پوزیشنز کی لائیو ٹریکنگ ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ امام بارگاہوں، مساجد، روٹ کیمروں اور دیگر حساس مقامات کی نگرانی بھی ایک ہی پلیٹ فارم سے کی جا سکے گی۔

سیف سٹیز حکام کے مطابق صوبہ بھر میں 4 ہزار 700 سے زائد امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ، جیو میپنگ اور کیو آر پینک بٹن کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔ متعلقہ ریجن منتخب کرتے ہی امام بارگاہوں، مساجد اور پولیس اسٹیشنز کی معلومات فوری دستیاب ہوں گی۔

پولیس افسران جلوسوں کے ہیڈ اور ٹیل پوائنٹس کی پوزیشنز کو ریئل ٹائم میں اپ ڈیٹ کر سکیں گے، جس سے مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول اور فوری ردعمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں، پنجاب ایمرجنسی آئی پورٹل کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر محرم سکیورٹی پلان اپ لوڈ اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیا جا سکے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے ایک ہی ڈیش بورڈ کے ذریعے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے، جبکہ جدید ڈیجیٹل سسٹمز کے استعمال سے ایمرجنسی رسپانس کو پہلے سے زیادہ مؤثر اور تیز بنایا گیا ہے۔