(سٹی42) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 84 لاکھ 6 ہزار 62 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 51 ہزار 384 ہو گئیں۔ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 35 لاکھ 36 ہزار 862 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 54 ہزار 449 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 44 لاکھ 15 ہزار 816 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں نا صرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔ امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 19 ہزار 941 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 22 لاکھ 34 ہزار 471 ہو چکی ہے۔ امریکا کے ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 95 ہزار 734 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 644 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 9 لاکھ 18 ہزار 796 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 60 ہزار 309 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 46 ہزار 665 زندگیاں نگل چکا ہے۔ کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 7 ہزار 478 ہوگئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 301 ہو چکی ہے۔
بھارت میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے 12 ہزار 262 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 67 ہزار 264 ہو گئی۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 42 ہزار 153 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار 251 ہو چکی ہے۔