ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

50 بار سرکاری نوکری نہ ملی، گولڈ میڈلسٹ انجینئر نے زندگی ختم کر لی

50 بار سرکاری نوکری نہ ملی، گولڈ میڈلسٹ انجینئر نے زندگی ختم کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں الیکٹریکل انجینئرنگ کے 23 سالہ گولڈ میڈلسٹ طالب علم نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔

 پولیس کے مطابق نوجوان نے کمرے میں چھوڑے گئے ایک مختصر نوٹ میں متعدد کوششوں کے باوجود سرکاری ملازمت حاصل نہ کر پانے پر اپنے والد سے معذرت کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آنند نے 2024 میں ایک نجی انجینئرنگ کالج سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں بی ٹیک مکمل کیا تھا، جہاں وہ گولڈ میڈلسٹ رہا، جبکہ اتر پردیش میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کی تھی۔ اسے 13 اگست 2024 کو کالج کی تقریب میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا تھا۔

واقعے کے وقت آنند کے اہل خانہ بڑے بھائی کی شادی کے سلسلے میں بہار گئے ہوئے تھے۔ گھر میں کام کرنے والی ملازمہ نے دروازہ نہ کھلنے پر پڑوسیوں اور پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے دروازہ توڑ کر نوجوان کی لاش برآمد کی۔

پولیس کے مطابق کمرے سے پانچ سطروں پر مشتمل ایک ہاتھ سے لکھا گیا نوٹ بھی ملا، جس میں لکھا تھا، "سوری پاپا، میں نے سرکاری نوکری کے لیے تقریباً 50 بار کوشش کی، لیکن کامیاب نہیں ہو سکا، مجھے معاف کر دیجیے۔"

پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی، جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نوجوان طویل عرصے سے سرکاری ملازمت نہ ملنے کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔

متوفی کے والد راج کمار کے مطابق آنند نے گریجویشن کے بعد پاور گرڈ میں ایک سالہ اپرنٹس شپ مکمل کی تھی اور اس کے بعد ریلوے، بینکوں اور محکمہ تعلیم سمیت مختلف سرکاری اداروں میں ملازمت کے لیے متعدد امتحانات دیے، تاہم ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ میں آ گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔