عابد چودھری:ڈیفنس کے علاقے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب مبینہ ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ملزم کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ رات ڈیفنس اے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب ایک کار سوار نوجوان نے وفاقی وزیر کی گاڑی کو اوورٹیک کیا اور مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد سکیورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے اور ملزم کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم، جس کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے، کو جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے زیر استعمال گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس کا فرانزک و تکنیکی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فائرنگ کا مقصد کیا تھا اور آیا یہ واقعہ محض ہوائی فائرنگ تھا یا اس کے پس منظر میں کوئی اور محرک موجود تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔