سٹی42: لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ میں پاکستان کی میٹیریولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں "بارشوں کا چوتھا سپیل" کل اتوار 20 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے؛ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشیں ہوں گی اور گاہے بگاہے آندھیاں بھی چلیں گی۔
پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں آج بھی بارش ہو سکتی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اس دوران دریائے سندھ میں مختلف مقامات پر سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ یہ سیلابی کیفیت دریا میں پانی کی مقدار سے متعلق ہے، پپلاں کالا باغ کے سوا اب تک دریا کے قریب کسی آبادی کے پانی کی زد میں آنے کی کوئی اطلاع نہیں نہ ہی کوئی فوری امکان ہے۔
پنجاب میں زیادہ بارشوں کی پیشگوئی
20 جولائی کسے لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔
پپلاں میں دریا کا پانی داخل، فصلیں تباہ، 223 افراد ریسکیو
کالاباغ کے مقام پر دریائے سندھ کا پانی قریبی علاقوں کمر مشانی، مدت والا، چھینہ پوڑا، کچہ گجرات اور ڈھینگانہ کی زرعی زمینوں میں داخل ہو چکا ہے، کچھ فصلیں زیر آب آ گئیں، ریسکیو حکام نے اب تک 223 افراد اور 162 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔
جناح بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 96 ہزار 629 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 89 ہزار 79 کیوسک ہے، یہاں روزانہ آنے والے پانی میں سے کچھ کو ذخیرہ کیا جا رہا ہے۔
کراچی پر ہلکی بارش کا امکان
شہر قائد میں موسم ابر آلود ہے اور آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخواکے پہاڑی علاقوں میں بارش، مالم جبہ میں ٹھنڈ آ گئی
محکمہ موسمیات خیبر پختونخوا کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ، ہری پور، کوہستان، تورغر اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے۔
کاکول میں 14 ملی میٹر اور بالاکوٹ میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی، مالم جبہ میں سب سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری جبکہ کالام میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے بارکھان و موسیٰ خیل میں بارش کا امکان
بلوچستان کے بارکھان، سبی، موسیٰ خیل، ژوب، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، آواران اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ باقی بلوچستان میں گرمی رہے گی۔
سبی اور تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری، نوکنڈی میں 46 ڈگری، چمن میں 36 ڈگری، گوادر و جیوانی میں 33 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔