( راؤ دلشاد ) لارڈ میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کے ایم سی ایل افسران کی باز پرس کرنے پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ایکٹ کے تحت ڈپٹی کمشنر کو ایم سی ایل افسران کی باز پرس کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
لارڈ مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کی زیر صدارت اجلاس ہوا، لارڈ میئر نے ڈپٹی میئرز کو سپریم کورٹ میں جاری ترقیاتی سکیموں کے سوموٹو کیس پر اعتماد میں لیا جبکہ ڈپٹی میئرز نے سٹریٹ لائٹس کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔
لارڈ مئیر کا کہنا تھا بلدیاتی ایکٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کو ایم سی ایل کے افسران سے باز پرس کا اختیار نہیں، ایم سی ایل کے سرکاری ملازمین لارڈ میئر اور زونل ڈپٹی میئرز کو جوابدہ ہیں، ڈپٹی کمشنر سٹریٹ لائٹس سے متعلق افسران کو ہدایات دینے کی پابند نہیں۔
لارڈ میئر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جانے کیوں مفادعامہ کے کاموں میں مداخلت کررہی ہے، حکومت ترقیاتی سکیموں کو شروع کرنے کی اجازت نہیں دے رہی، تاہم پنجاب حکومت، ضلع انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ایک پیج پر ہونا شہر کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 4 ماہ قبل ترقیاتی سکیمیں چیف انجینئر بلدیات کو اعتراضات دور کرکے ارسال کیں مگر تمام سکیمیں محکمہ بلدیات کی الماریوں کی زینت بن چکی ہیں۔
اجلاس میں ڈپٹی میئرز نذیر خان سواتی، میاں طارق، بلال بھائی چودھری، حاجی اللہ رکھا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔