ویب ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کےخلاف بیٹنگ جاری ، نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 73رنز پر گر گئی ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 27 اوورز میں 3 وکٹوں پر 127رنز بنا لئے۔
نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی مہمان ٹیم کیخلاف بہتر کھیل پیش کریں اور جیت کیساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کریں۔ اس موقع پر نیوزی لیںڈ کے کپتان مچل سینٹنز نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے پُر امید ہیں، کوشش ہوگی میزبان پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ رکھیں اور پریشر میں لائیں۔
گذشتہ دونوں باہمی میچز میں فتح کی بدولت مہمان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، البتہ میزبان سائیڈ نے بھی بڑے میچ میں شکستوں کا حساب چکتا کرنے کا ارادہ کر لیا، بیٹنگ میں بابر اعظم اور فخرزمان امیدوں کے محور ہوں گے،کپتان محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے بھی عمدہ کھیل کی توقع ہے۔
شاہین آفریدی کا ساتھ دینے کیلئےحارث رؤف بھی فٹ ہو چکے البتہ میدان میں اتارنے کا فیصلہ میچ سے قبل ہوگا، نسیم شاہ اور ابرار بھی کچھ کردکھانے کیلیے بے چین ہیں. کیوی ٹیم کو کین ولیمسن سمیت کئی میچ ونرز کا ساتھ حاصل ہے، نیشنل سٹیڈیم کراچی کی پچ بیٹنگ کیلئےسازگار رہے گی۔
پاکستان ٹیم کی دیار غیر میں ون ڈے میچز میں کارکردگی شانداررہی، البتہ ہوم گراؤنڈ پر ٹرائنگولر سیریز میں کھلاڑیوں نے مایوس کیا،جنوبی افریقہ کیخلاف رضوان اور سلمان کی عمدہ بیٹنگ نے ریکارڈ ہدف تک دلائی، البتہ کیویز سے فائنل سمیت دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا حالیہ فتوحات کی وجہ سے اعتماد بلند ہے،سینئر بیٹر کین ولیمسن سے میچ وننگ کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں،پہلے میچ میں کیچ تھامتے ہوئے زخمی ہونے والے راچن رویندرا فٹ ہو چکے۔
یاد رہے کہ ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا، کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں 8 بہترین ٹیمیں چیمپئن بننے کی جنگ لڑیں گی۔
دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے سلامی پیش کر کے دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو خوش آمدید کیا۔
علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ دیکھنے نیشنل سٹیڈیم پہنچ گئے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی ٹرافی کے ہمراہ سٹیڈیم میں موجود ہیں۔