سٹی42: پنجاب حکومت نے صوبے کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے نئے سال سے گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق یکم جنوری سے صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے اور قید کی سزائیں نافذ ہوں گی۔
کوڑا جلانے یا کھلے عام پھینکنے والے شہریوں سے اب سختی سے نمٹا جائے گا۔ قوانین کے مطابق، گندگی پھیلانے پر 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 3 سے 7 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر کوڑے کو آگ لگانے پر 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 3 سال قید ہوگی جبکہ ٹائر جلانے پر 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ نافذ کیا جائے گا۔
گھر، دکان یا فیکٹری سے کوڑا باہر پھینکنے پر 25 ہزار روپے، گلی محلے کی نالیوں میں کوڑا پھینکنے پر 10 ہزار روپے اور جانوروں کے فضلے یا باقیات پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ستھرا پنجاب اتھارٹی نے تمام کارروائیوں کے لیے انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔