ویب ڈیسک: پاکستان نے عالمی سطح پر ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ قومی اسمبلی کی رکن سیدہ آمنہ بتول کو فیفا کی انسٹی ٹیوشنل ریفارمز کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی پاکستانی اس عالمی فٹبال گورننگ باڈی کے اعلیٰ سطحی فورم کا حصہ بنی ہیں۔
یہ تقرری نہ صرف پاکستان کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کے کردار اور اس کی فٹبال اصلاحات کے اعتراف کی بھی علامت ہے۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے پاکستان کے کھیلوں کے اداروں پر اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ملک میں فٹبال کے مستقبل کو نئی سمت ملے گی۔
سرکاری سطح پر بھی اس پیش رفت کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کی حقیقی تصویر پیش کرتی ہے۔
سیدہ آمنہ بتول کی شمولیت سے توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان اب عالمی فٹبال پالیسی سازی، اسٹرکچر اور اصلاحاتی عمل میں براہ راست کردار ادا کر سکے گا۔ یہ اہم تعیناتی نئی نسل کے کھلاڑیوں، اسپورٹس مینجمنٹ اور ملکی فٹبال نظام کے لیے بھی امید کا دروازہ کھولتی ہے۔
شائقین اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے فٹبال کے شعبے میں پاکستان کا وقار بڑھے گا، جبکہ ملک میں موجود ٹیلنٹ کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ مجموعی طور پر یہ اعزاز پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نمایاں پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔