ویب ڈیسک:بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ایک بار پھر متنازع رویے کی وجہ سے سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، مداح کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا، ویڈیو میں بمراہ نے غصے میں ایک مداح کا موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور فون پھینک دینے کی دھمکی دی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مداح نے بمراہ کے ساتھ ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر فاسٹ بولر برہم ہو گئے۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ ایک بین الاقوامی کھلاڑی ہونے کے ناطے انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔
کئی لوگوں نے بمراہ کے رویے کو ’غرور‘ اور ’تکبر‘ قرار دیا، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ مداح کو چاہیے تھا کہ تھوڑا فاصلے پر رہتا مگر وہ یہ بات بھی کہہ رہے ہیں کہ کھلاڑی کا ایسا ردعمل مناسب نہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب جسپریت بمراہ پر بدسلوکی کا الزام لگا ہو۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران اس وقت تنازع پیدا ہوا تھا جب اسٹمپ مائیک میں ان کی آواز ریکارڈ ہوئی جس میں انہوں نے پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما کو ’بونا‘ کہہ کر پکارا، جو ایک توہین آمیز لفظ ہے۔ اس واقعے کے بعد بھی بمراہ کے خلاف کوئی بڑی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔
کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ یہ رویہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، تاہم اب تک نہ تو ان کی معطلی کی کوئی خبر سامنے آئی ہے، نہ جرمانہ اور نہ ہی بورڈ کی جانب سے کسی قسم کی سرزنش۔
واقعے کے بعد بھارتی فاسٹ بولر کی شخصیت اور میدان کے اندر و باہر ان کے رویے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔