سٹی 42: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پارلیمانی امور اور ملکی سیاست پر تبادلہ خیال کیا گیا جہاں بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوکر فعال کردار ادا کرنے کی درخواست کی تو اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی اور اپوزیشن قائدین نے پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کے عمل میں پارلیمان کے اندر اپنا کردار ادا کریں اُنہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جمہوری روایت ہے۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر اور وائس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی شریک ہوئے جبکہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن بھی تھے۔